محرم میں نکاح کرنا کیسا ہے ؟

بحث وتحقیق

سوال:

 بسم اللہ الرحمن الرحیم
 کیا محرم کے مہینہ میں نکاح کرنا درست ہے ؟ اور اگر کسی نے کرلیا تو کیا اس سے نکاح پر کوئی فرق پڑے گا یا دونوں کے درمیان الفت ومحبت نہیں رہے گی ؟ 

جواب:
بسم اللہ الرحمن الرحیم ، الجواب وباللہ التوفیق۔ محرم الحرام کے مہینہ میں نکاح کرنے میں کوئی قباحت نہیں، دیگر مہینوں کی طرح اس ماہ مبارک میں بھی نکاح کرنادرست اور جائزہے، بلکہ اس ماہ میں نکاح کرنا موجب اجر اور بہتر ہے ؛ کیونکہ یہ مہینہ عظمت وبرکت والا ہے اور اس ماہ میں نکاح کرنے سے معاشرہ میں رائج بدعت کی تردید ہوگی ؛ اس لئے کہ یہ رواج سراسر بدعت ہے ؛ کیونکہ قرآن وسنت اور کتب فقہ میں کہیں بھی اس مبارک مہینہ میں نکاح کرنے سے منع نہیں کیا گیا ہے ، اس اعتبار سے اس ماہ میں نکاح کے جواز پر فقہاء امت کا سکوتی اجماع ہے ، مزید یہ کہ سیرت کی کتابوں سے معلوم ہوتا ہے کہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سے محرم الحرام کے مہینہ میں نکاح کیا (تاریخ الخمیس: ۱/۴۰۷ بحوالہ: اشرف الفتاوی: ۴۵، کتاب الایمان والعقائد) 
نیز ایک روایت کے مطابق حضرت علی اور حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہما کا نکاح سن ۲ ہجری ماہ محرم الحرام میں ہوا تھا، سیرۃ المصطفی میں مولانامحمدادریس کاندہلوی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:”اسی سال(یعنی سن 2 ہجری میں ،اس میں اختلاف ہے کہ مہینہ کون سا تھا،ذوالحجہ ،محرم یاصفر) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی سب سے چھوٹی صاحبزادی حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کی شادی حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے فرمائی”۔(سیرۃ المصطفی 2/171 ) واضح رہے کہ بہت سے مؤرخین نے محرم میں نکاح کو ہی راجح قرار دیا ہے ، علامہ ابن کثیر کے بیان سے یہی واضح ہوتا ہے ( البداية والنهاية :3/419) 
جو لوگ اس ماہ میں شادی کرنے سے منع کرتے ہیں اور اس کو برا سمجھتے ہیں ان کے پیش نظر حضرت حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے شریک قافلہ افراد کی شہادت ہے کہ اس ماہ میں ان کی شہادت ہونے کی وجہ سے یہ مہینہ سوگ کا مہینہ ہے اس لئے خوشی کا کام نکاح وغیرہ اس میں نہیں کرنا چاہئے اس سلسلہ میں عرض ہے کہ اگر اس ماہ مبارک میں شہادتوں کی وجہ سے اس کو غم اور سوگ کامہینہ قرار دے کر نکاح سے احتراز کیاجائے تو سال بھر میں کوئی مہینہ ایسانہیں جس میں کسی عظیم شخصیت کی شہادت کا واقعہ پیش نہ آیاہو، اور اس بنا پر تمام مہینوں میں نکاح سے احتراز ناممکن بات ہے ، اس لیے محرم الحرام میں بھی نکاح کرنا عام مہینوں کی طرح بلاکراہت جائزہے ، بلکہ بہتر ہے ۔ واللہ اعلم ۔
محمد عارف باللہ القاسمی
Login Required to interact.