اردو میں تذکیر و تانیث کے مسائل کے بارے میں ایک دلچسپ نظم ملاحظہ کیجیے۔
بہت پُر لطف گو اردو زباں ہے
مذکر اور مونث کی ہے دقّت
پریشاں کُن ہے یہ تذکیرو تانیث
اگر ہر چیز کی دیکھو حقیقت
’مصائب ‘ جمع کا صیغہ مذکر
مونث ہے مگر واحد ’مصیبت‘
غضب ہے’ خوف ‘و’ خطرہ ‘ہے مذکر
مونث ہے’ شجاعت‘ اور’ ہمت‘
بہت ہیبت فگن ہے ’تیغِ برّاں‘
ہوئی تانیث لیکن اس کی قسمت
’حجاب ‘و ’پردہ‘،’ گھونگھٹ‘ اور’ برقع‘
مذکرہے یہ کُل سامانِ عورت
مونث ہے جنابِ شیخ کی’ ریش‘
ہو کچھ بھی اس کی مقدار وطوالت
مذکرہو گیا ’گیسوے جاناں‘
ہوئی اس کی طوالت کی یہ عزت
’دوپٹہ‘ عورتوں کا ہے مذکر
مونث کیوں ہے’ دستارِ فضیلت‘
’فراق ‘و’وصل‘ ہیں دونوں مذکر
مونث ہے مگر واعظ کی ’صحبت‘
ضروری تھا ہو چہرہ کی صفائی
عبث ہے نوجوانوں سے شکایت
ہوئیں جب’ مونچھ‘ اور ’داڑھی‘ مونث
تو پھر کرنا پڑا دونوں کو رخصت
حافظ ولایت الله ، متوفی 1949ء
Login Required to interact.

