نعت رسول اکرمﷺ

زبان وادب
 از :  حجۃ الاسلام حضرت مولانا قاسم نانوتوی علیہ الرحمۃ ، بانی دارالعلوم دیوبند
————————
سب سے پہلے مشیت کے انوار سے نقش روئے محمد بنایا گیا
پھر اسی نقش سے مانگ کر روشنی بزم کون ومکاں کو سجایا گیا
*
وہ محمد بھی ،احمد بھی ، محمود بھی،حسن مطلق کا شاہد بھی مشہود بھی
علم وحکمت میں وہ غیر محدود بھی ، ظاہراً امیوں میں اٹھایا گیا
*
وہ چراغ محبت جو روز ازل خلوت لامکاں میں جلایا گیا
نور سے اس کے آخر جہاں تا جہاں ذرے ذرے کو پھر جگمگایا گیا
*
ان کے افکار میں جاں فزا روشنی ان کی گفتار میں دلنشیں نغمگی
ان کے کردار میں ہے وہ پاکیزگی جس کو مقصود فطرت بنایا گیا 
*
ان کی شفقت ہےبے حد وبے انتہا ، ان کی رحمت تخیل سے بھی ماوراء
جو بھی عالم جہاں میں بنایا گیا ان کی رحمت سے اس کو بسایا گیا
*
میرے احساس میں روشنی ان کی ہے میری آواز میں تازگی ان کی ہے
میری اپنی نہیں ، زندگی ان کی ہے جن کو میرا رہبر بنایا گیا
*
حشر کا غم مجھے کیوں ہو قاسم بھلا میرا آقا ہے وہ  میرا مولی ہے وہ
جس کے قدموں میں جنت بسائی گئی جس کے ہاتھوں سے کوثر لٹایا گیا
صلی اللہ علی نبینا محمد وآلہ وصحبہ وبارک وسلم تسلیما کثیرا
Login Required to interact.