سوال:
جس طرح مردوں کے لئے احرام کا لباس ہے تو کیا عورتوں کے لئے بھی احرام کے لئے کوئی خاص لباس یا اوڑھنی یا رومال وغیرہ ہے ، وہ احرام میں کیسے آتی ہیں ؟
جواب:
الجواب وباللہ التوفیق: عورتوں کے احرام کے لئے کوئی خاص لباس شریعت میں متعین نہیں ، بس غسل وغیرہ سے فارغ ہوکر عام لباس پہن لیں، اس میں کوئی خاص رنگ وغیرہ بھی متعین نہیں ہے، البتہ بہتر یہ ہے کہ ایسا کپڑا پہنیں جس کو پہن کر سفر کرنا دشوار نہ ہو اسی طرح عمرہ یا حج کے اعمال میں دشواری نہ ہو۔ عورت کا احرام یہ ہے کہ وہ چہرہ سے کپڑا ہٹالیں پھر نیت کرکے آہستہ سے تلبیہ پڑھ لیں ، تلبیہ پڑھتے ہی وہ احرام میں داخل ہوجائیں گی ۔ عورتیں بالوں کی حفاظت کے لئے اگر سر پر رومال یا اسکارف وغیرہ باندھ لیں تو کوئی حرج نہیں، لیکن یہ احرام کا لازمی لباس نہیں ہے ، اور اسے احرام کا جزء یا لباس سمجھنا درست نہیں ہے ، اس کو باندھنے میں عورتیں یہ خیال رکھیں کہ اسے پیشانی کے اوپر سر پر باندھیں نیز یہ بھی خیال رکھیں کہ وضو کے وقت خاص طور پر یہ رومال سر سے کھول کر سر کے بالوں پر ضرور مسح کریں۔ واللہ اعلم ۔
محمد عارف باللہ القاسمی
Login Required to interact.

